ملکی امور میں فوج کا کردار انتہائی کم ہونا چاہیئے، فیصل سبزوای

کراچی() صوبائی وزیر امور نوجوانان سندھ فیصل سبزوای نے کہا ہے کہ ملکی امور میں فوج کا کردار انتہائی کم ہونا چاہیئے۔عام آدمی کے فلاح بہبود کیلئے زیادہ کام کی ضرورت ہے۔تعلیمی اداروں میں طلبہ سیاست انتہائی ضروری ہے۔سندھ اسمبلی میں خواتین کے حقوق کے حوالے سے بل فقط ایک لفظ پر اتفاق نہ ہونے کی وجہ سے طویل عرصے سے التوا کا شکار ہے۔خواتین صحافیوں کی تربیت کے حوالے سے وومن میڈیا سینٹر کا کردار انتہائی اہم ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز وومن میڈیا سینٹر پاکستان کراچی میں  الیکٹرانک میڈیا کے حوالے سے دس روزہ تربیتی ورکشاپ کے اختتام پر سرٹیفکٹ تقسیم کرنے کی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر کیا۔وومن میڈیا سینٹر کی جانب سے صوبائی اسمبلی میں قانون سازی کے مراحل کے موضوع پردس دن کی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا تھا۔ فیصل سبزواری نے کہا کہ وومن میڈیا سینٹر کی جانب سے  نئے خواتین صحافیوں کی تربیت کیلئے کی جانے والی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی اپنا کام احسن طریقے سے  سرانجام دے  تو کئی بڑے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے جلد ہی ایسی ویب سائٹ کا افتتاح کیا جائیگا  جہاں سے صوبے بھر کے طلبہ و طالبات مختلف ممالک کے اسکالرشپ دینے والے اداروں  کے حوالے سے مفید معلومات سے براہ راست مستفید ہو سکیں گے۔ اور وہ ان سے رابطہ قائم کر سکیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں خواتین کے حقوق کے حوالے سے ایک بل کئی سالوں سے فقط ایک لفظ پر اتفاق نہ ہونے  کی وجہ سے التوا کا شکار ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ صوبے بھر میں پانچ یوتھ ڈیولپمنٹ سینٹر کا قیام عمل میں لا رہی ہے۔ انہوں نے وومن میڈیا سینٹر کا نئے صحافیوں کی عملی تربیت کیلئے ہر قسم کی مدد کی پیشکش کی۔ وومن میڈیا سینٹر کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر فوزیہ شاہین نے  وومن میڈیا سینٹر کی جانب سے مطالبہ کیا کہ  مختلف الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں کام کرنے والی خواتین صحافیوں کویکساں مواقع فراہم کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں یہ ادارہ اپنی نوعیت کا واحد ادارہ ہے جہاںخواتین صحافیوں کو عملی صحافت کی مفت تربیت دی جاتی ہے۔ اس موقع پر سینئر صحافی آغا مسعود، نصرت امین اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

Leave a Reply